نیویارک،20جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے پہلے واشنگٹن میں ان حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے متعدد مظاہرین پر کیمیکل کا چھڑکاؤ کیا۔واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ٹرمپ مخالف مظاہرین جمع ہیں۔واشنگٹن کے علاوہ نیویارک میں بھی سینکڑوں افراد نے ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل اور سینٹرل پارک کے قریب واقع ٹرمپ ٹاور کے باہر ان کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔اس مظاہرے میں اداکار رابرٹ ڈی نیرو اور مارک روفالو بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے نومنتخب صدر کی اعلان کردہ پالیسیوں پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس سے پہلے واشنگٹن ڈی سی سی میں لنکن میموریل کی سیڑھیوں پر اپنے مداحوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے عہد کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آ کر امریکہ کو متحد کر دیں گے اور وہ ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں ان کے خاندان کے افراد، اداکار جان ووئٹ اور سول مین کے گلوکار سیم مور نے شرکت کی۔
ٹرمپ نے کنسرٹ کے اختتام پر کہا کہ ہم آپ کے ملک کو متحد کریں گے۔ ہم تمام عوام کے لیے امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے۔ ہر کسی کو، بشمول اندرونِ شہر والوں کے لیے، سبھی کے لیے۔20جنوری کو ٹرمپ عہدہئ صدارت کا حلف اٹھا کر امریکہ کے 45ویں صدر بن جائیں گے۔انھوں نے نعرے لگاتے ہوئے مداحوں کے ہجوم کو بتایا کہ بہت سے لوگوں کو ان کی انتخابی مہم کے بارے میں شک تھا۔وہ ہم میں سے بہت سوں کے بارے میں بھول گئے تھے۔ اب ہم آپ کو نہیں بھولیں گے۔انھوں نے عہد کیا کہ وہ نوکریاں پھر سے لے کر آئیں گے، فوج کی تشکیلِ نو کریں گے اور سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے کام کریں گے جو اس ملک میں کئی عشروں سے نہیں ہوئے۔ یہ بدل کر رہے گا۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں۔ یہ بدل کر رہے گا۔